مشہور ترقی پسند امریکی مصنف ویڈال گور نے امریکہ کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’امریکہ میں سرمایہ داروں کی ایک پارٹی ہے جس کے دو دائیں بازو ہیں۔‘‘ ویڈال گور کی مراد ریپبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹیوں سے تھی۔ امریکی حکمران طبقے کی نمائندہ یہ دونوں پارٹیاں ’’اختلافات‘‘ کا جتنا بھی ناٹک رچاتی رہیں، استحصالی سرمایہ دارانہ نظام کو قائم رکھنے اور دنیا بھر میں امریکی سامراج کے تسلط کو برقرار رکھنے کے معاملے میں ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اگر آج کے عہد میں پاکستان کے سیاسی منظر نامے کا جائزہ لیا جائے تو لوٹ مار کے گرد جنم لینے والے ثانوی نوعیت کے ’’اختلافات‘‘ کے باوجود ہمیں پاکستان میں سرمایہ داروں کی ایک ہی سیاسی جماعت ملتی ہے جس کے کئی دائیں بازو ہیں۔ پاکستانی معیشت،
...